بنگلورو،23؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس کے 6؍ نئے کیسس کے پازیٹیو ہونے کی توثیق ہوئی ہے۔ اس طرح متاثرین کی جملہ تعداد اس ریاست میں 26؍ تک پہنچ گئی۔ ایک سرکاری عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ’’ 26 ؍ پازیٹیو کیسس کی توثیق ہوئی ہے، جن میں ایک شخص کی موت شامل ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دھارواڑ سے تعلق رکھنے والے ایک 35؍ سالہ شخص کا وائرس ٹیسٹ پازیٹیو پا یا گیا ۔ یہ شخص گذشتہ 22؍ مارچ کو دبئی سے گوا واپس ہوا تھا۔ اس ریاست میں یہ 21 واں پازیٹیو کیس رہا ۔
کرناٹک میں 22؍ واں کیس ایک 64 سالہ خاتون کا ہے، جو اپنے فرزند کے ساتھ مکمہ معظّمہ کے مقدس سفر پر روانہ ہوئی تھیں۔ مذکورہ لڑکے کا ٹیسٹ کرناٹک میں 19 واں پازیٹیو کیس ہے۔ مذکورہ ماں اور بیٹے نے گزشتہ 14؍ مارچ کو حیدرآباد چکبالاپور سفر کیا تھا۔ حیدرآباد میں اترنے کے بعد انہوں نے بذریعہ بس گوری بدانور پہنچے ۔ ریاستی حکومت نے ایسے 4؍ افراد کا پتہ لگایا جو مذکورہ ضعیف خاتون سے ربط میں تھے۔
کرناٹک میں 23 واں کیس ، بنگلورو کی ایک 36 سالہ خاتون کا ہے ، جس نے سوئٹزر لینڈ اور فرانس کو پرواز کی تھی اور گزشتہ 9؍ مارچ کو واپس ہوئی تھی ۔ اب ایک اسپتال میں اس خاتون کا علاج جاری ہے۔
24 واں کیس ایک 27 ؍سالہ شخص کا ہے، جو گذشتہ 8 ؍ مارچ کو جرمنی گیا تھا اور گزشتہ 14 مارچ کو واپس ہوا۔ ایک نامزد اسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔ ریاستی محکمہ صحت نے بتایا کہ مذکورہ 27 سالہ شخص سے14 افراد، ابتدائی ربط میں تھے اور 237 افراد کی ایک بڑی تعداد مذکورہ شخص سے ثانوی قسم کا ربط رکتھی تھی۔
بنگلورو کے رہنے والے ایک 51 سالہ شخص کا کیس کرناٹک کا 25 واں پازیٹیو کیس ہے۔ یہ شخص گزشتہ 13 ؍ مارچ کو لندن سے واپس ہوا تھا اور اب اسپتال میں شریک ہے۔ اس شخص کے ساتھ ابتدائی اور ثانوی نوعیت کے ربط رکھنے والے بالترتیب 6 اور 10 افراد کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔
کرناٹک میں 26 واں کورونا وائرس پازیٹیو کیس ایک 22 سالہ نوجوان کا ہے، جو بھٹکل رہنے والا ہے۔ وہ گذشتہ 19 ؍ مارچ کو اسپائس جیٹ کی ایک پرواز کے ذریعہ دبئی سے پہنچا۔ بحالت موجودہ اس نوجوان کو منگلورو کے ونلاک اسپتال میں علیحدہ وارڈ میں رکھا گیا۔ آج 6 پازیٹیو کیسس کا پتہ چلا ہے، جن میں سے 3 کا تعلق بنگلورو سے ہے۔ کسی ایک دن میں دریافت کردہ پازیٹیو کیسس کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک میں 1.27 لاکھ مسافرین کی تھرمل اسکریننگ کی گئی ہے۔